نئی دہلی،20؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی صدر امت شاہ نے پارٹی کی حکومت والی ریاستوں میں چل رہی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لئے اگلے ہفتے وزرائے اعلی کی میٹنگ بلائی ہے۔اس اجلاس میں بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے تمام وزراء اعلی شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بی جے پی صدر امت شاہ 21اگست کو پارٹی کی حکومت والی ریاستوں کے وزراء اعلی کے ساتھ ملاقات کرکے ان صوبے میں مرکزی اسکیموں کی حیثیت کی معلومات لیں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں ہونے والی اس میٹنگ میں مرکزی اسکیموں کو بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں مؤثر طریقہ سے لاگو کرنے پر بھی بحث ہوگی۔
اس اجلاس میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، ترویندر سنگھ راوت، وسندھرا راجے، رمن سنگھ، شیوراج سنگھ چوہان، دویندر فڑنویس ، منوہر پاریکر، منوہر لال کھٹر، سرواند سونوال، رگھوور داس سمیت تمام بھاجپا حکمراں ریاستوں کے وزراء اعلی اور بی جے پی اور اتحادیوں کی حکومت والی ریاستوں کے نائب وزراء اعلی موجود رہیں گے۔
پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق، یہ میٹنگ ہر تین ماہ میں ہونے والی جنرل میٹنگ ہے۔موجودہ حالات میں اس کی اہمیت اس وجہ سے زیادہ سمجھی جا رہی ہے کیونکہ پارٹی نے 2019عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے 350لوک سبھا سیٹوں کا ہدف بھی طے کر لیا ہے۔گزشتہ ہفتے بی جے پی صدر امت شاہ نے مرکزی وزراء اور سینئر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کرکے ان سیٹوں پر زیادہ توجہ دینے کی ہدایت دی جہاں پارٹی پچھلے الیکشن میں ہاری تھی یا پھر ایسی نشستیں جہاں بی جے پی کبھی جیتی ہی نہیں۔ایسی نشستوں کے لئے مرکزی وزراء کو ذمہ داری دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی وزراء اعلی کے اجلاس میں ابھی سے ان کی بھی ذمہ داری طے کی جا سکتی ہے۔سمجھا جا رہا ہے کہ اجلاس کے رسمی ایجنڈے میں بنیادی طور مرکزی اسکیموں کے نفاذ، ریاستی حکومت کی جانب سے چلائے جا رہے خصوصی منصوبوں، مرکز ۔ریاست مصالحت، مرکز کے حکام کے ساتھ ریاست کے حکام کے ڈائیلاگ جیسا مسئلہ شامل رہے گا۔